Friday, November 6, 2020

چین کے ساتھ بھارت کا سرحدی تنازعہ کسی بھی وقت بڑی لڑائی میں تبدیل ہوسکتا ہے-جنرل بپن راوت



  بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ بھارت کا سرحدی تنازعہ کسی بھی وقت بڑی لڑائی میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل بپن راوت نے آن لائن خطاب میں کہا کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ چین اور بھارت کے درمیان کمانڈر سطح کے مذاکرات ہورہے ہیں لیکن حالات نارمل نہیں ہیں ۔ بھارت چین کشیدگی کے باعث ہزاروں فٹ کی بلندی پر دونوں افواج پہلی بار سردیوں میں بھی آمنے سامنے رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عسکری نقل و حرکت یا معمول کی جھڑپ کو بڑی لڑائی میں تبدیل ہونے کے امکانات کو ردنہیں کیا جاسکتا ہے ۔بھارتی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور چین کی کسی بھی قسم کی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔ اس سے قبل معروف بھارتی اخبارانڈیشن ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چین نے جنوبی پینگونگ میں اپنی فوجیوں میں اچانک اضافہ کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ وہ علاقے میں ایک ہیلی پیڈ بھی تعمیر کر رہا ہے۔ چین کے اس اقدام سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ علاقے پر اپنے دعوے پرقائم ہے اور وہ اسکی پہلی والی پوزیشن بحال کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ چینیوں نے پینگونگ تسو جھیل کے شمالی کنارے پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنا شروع کردی ہے اور وہ یہاں ایک ہیلی پیڈ تعمیر کر رہے ہیں جو ان تعمیرات کے علاوہ ہے جو انہوں نے پچھلے آٹھ ہفتوں یا اس سے زیادہ وقت میں قائم کی ہیں۔ پی ایل اے کے اہلکار پینگونگ تسو جھیل کے کنارے پر باقاعدگی سے گشت کرتے ہیں ۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق بھارتی فوج کے افسران نے بھی انڈین ایکسپریس کے ساتھ گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ اب تک دونوں فریقوں کے فوجی کمانڈروں کے درمیان مزید بات چیت طے نہیں ہوئی ہے۔

0 Comments:

Post a Comment

Subscribe to Post Comments [Atom]

<< Home